لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنیوالوں پر صوبائی وزیر کی ایماء پر مقدمہ درج

0
51

تبدیلی آ گئی، لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے 30 افراد کے خلاف صوبائی وزیر کی ایماء پر مقدمہ درج کر لیا گیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بجلی کی بندش اور لو وولٹیج کے خلاف تلہ گنگ کے شہریوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا تو آج پولیس نے پانچ نامزد اور 25 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا.

احتجاج کرنے والے تاجروں اور شہریوں کے خلاف تھانہ سٹی تلہ گنگ میں مقدمہ درج ہونے پر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں نے مذمت کی ہے.

تھانہ سٹی تلہ گنگ میں پانچ افراد کو نامزد کیا گیا جن میں مولوی اکرام، محمد عمران ولد مولوی اکرام محمد عمیر اکوال، شیخ احمد ولد شیخ محمد آفتاب، مولوی ظہور سکنہ ٹہی شامل ہیں جبکہ پچیس نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر سیل کر دی گئی ہے.

احتجاج کرنے والوں کے خلاف زیر دفعہ 341،148،149 ت۔پ مقدمہ درج کیا گیا ہے.

لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں‌ پر مقدمہ کے اندراج پر سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شہر یار اعوان کا کہنا ہے کہ ہم پہلے ہی کہتے تھے کہ حافظ عمار یاسر سیاسی نہیں حادثاتی لیڈر بنا ہے ۔ جو آج ثابت ہو گیا ۔ شہر یار اعوان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل میں گھری عوام سے احتجاج کا حق بھی چھینا جا رہا ہے ۔ سات روز سے بجلی بندش پر احتجاج عوام کا حق تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ ق لیگ قیادت ہوش کے ناخن لے ۔ اب ہم جو احتجاج کرینگے ق والے ہم پر بھی مقدمہ درج کرنے کی تیاری کر لے ۔ شہر یار اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں وہ ہر احتجاج میں خود شریک ہوتا تھا ۔ جب اپنی باری آئی تو مقدمات کی سیاست شروع کر دی جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔

جماعت اسلامی ضلع چکوال نے بھی سٹی پولیس تلہ گنگ کی جانب سے احتجاجی شرکاء کےخلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کر دی ۔ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع چکوال ملک افتخار احمد اعوان نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنا عوام کا حق ہے ۔ ق لیگ نے پرچہ کرا کر ناعاقبت اندیشی اور تنگ نظری کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر درج کیا گیا مقدمہ خارج کیا جائے ۔یہاں جمہوریت ہے ۔ اور اپنے حق کے لئے آواز اٹھانا آزادی رائے بھی ہے ۔ اور حق بھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم تلہ گنگ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

واضح رہے کہ حافظ عمار یاسر مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر الیکشن جیتے ہیں، مسلم لیگ ق موجودہ حکومت کی اتحادی جماعت ہے اس لئے حافظ عمار یاسر کو معدنیات کی وزارت دی گئی ہے، حکومت کے ساتھ مسلم لیگ ق کے اختلافات کے باعث حافظ عمار یاسر نے ایک بار اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوایا تا ہم پھر حالات معمول پر آنے کے بعد حافظ عمار یاسر نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا.

Leave a reply