امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو نیشنل ہائی وے، سپر ہائی وے سمیت کراچی کی تمام اہم شاہراہیں بند کر دی جائیں گی۔
باغی ٹی وی کے مطابق منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی کے فیس بک پیج پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، امتحانات کے دنوں میں بچے کب پڑھیں گے؟ عوام اذیت میں ہیں، کرب میں ہیں۔”انہوں نے واضح کیا کہ اب احتجاج صرف وزیراعلیٰ ہاؤس یا گورنر ہاؤس تک محدود نہیں رہے گا۔کراچی کی تمام اہم شاہراہوں کو بلاک کرنے کا حق جماعت اسلامی محفوظ رکھتی ہے۔
انہوں نے نام لے کر کہا کہ شاہراہِ پاکستان، نیشنل ہائی وے، سپر ہائی وے، شاہراہِ اورنگی اور کورنگی سب احتجاج کی زد میں آ سکتی ہیں۔ایسا نہ ہو کہ کل پانی سروں سے اونچا ہو جائے، اور حکمرانوں کے پاس فرار کے سوا کوئی راستہ نہ بچے۔”
ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ، بجلی، پانی اور دیگر شہری مسائل کے خلاف احتجاج کا دائرہ بڑھائے گی۔عوام کی مشکلات پر حکومت اور کے الیکٹرک کی مجرمانہ خاموشی ناقابلِ قبول ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں 18 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ جاری ہے۔گرمی، امتحانات، اور پانی کی قلت نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔جماعت اسلامی طویل عرصے سے کراچی کے شہری مسائل پر متحرک احتجاج کر رہی ہے، جس میں کے الیکٹرک خصوصی ہدف بنتی رہی ہے۔
یہ صورتحال نہ صرف کراچی کے شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن چکی ہے بلکہ حکمرانوں کے لیے ایک سیاسی دباؤ کا ذریعہ بھی بن رہی ہے، خاص طور پر جب احتجاج اب شہر کی اہم سڑکوں کی بندش تک بڑھنے جا رہا ہے۔
"فریاد بلوچاں” . تحریر :عائشہ اسحاق
سانحہ خضدار: بلوچستان اسمبلی میں دہشتگردی کے خلاف مشترکہ مذمتی قرارداد منظور
نوشکی آئل ٹینکر حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہوگئی