لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل شکستوں سے بوکھلاہٹ کا شکار بزدل بھارتی فوج نے اب شہری آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، ایل او سی پر پاکستانی فوج کے ہاتھوں پے در پے کاری ضربیں کھانے کے بعد، بھارتی فوج نے اپنی بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم شہریوں پر گولہ باری شروع کر دی ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بوکھلاہٹ کی انتہاء کو پہنچنے والی بھارتی فوج نے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ کے علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی اس وحشیانہ کارروائی کے نتیجے میں 5 معصوم شہری شہید ہو گئے جبکہ 7 دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ تاہم، پاک فوج کے بہادر جوان دشمن کی اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے میں پوری طرح مصروف ہیں۔سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہو گئی ہیں اور انہیں اپنی اس بزدلانہ حرکت کا سخت خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس بزدلانہ اقدام سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ بھارتی فوج ایل او سی پر اپنی شکستوں سے کس قدر حواس باختہ ہو چکی ہے۔








