لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر تعینات بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکار اپنی ڈیوٹی سے تنگ آگئے ہیں اور اپنے بٹالین انچارج کو بتائے بغیر گھروں کو روانہ ہورہے ہیں۔
سرینگر کے علاقہ پانتھہ چوک میں ایل او سی پر تعینات بارڈر سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار کے لاپتہ ہونے کے بعد فورسز نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی ایک شکایت درج کرائی ہے۔ لاپتہ ہوئے اہلکار کی شناخت سوگم چودھری کے طور پر کی گئی ہے جو 60 بٹالین سے وابستہ ہے۔ بی ایس ایف کے ایک سینئر آفیسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران اہلکاروں کی گمشدگی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ سوگم چودھری جمعرات کی شام یونٹ سے بغیر اجازت نکلا لیکن واپس نہیں آیا جس کے بعد اس کی غیر موجودگی کی اطلاع سینیئر افسران کو کر دی گئی جنہوں نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔ انہوں نے کہا ابتدائی جانچ میں ایسا لگتا ہے کہ اہلکار ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے آبائی علاقے روانہ ہوا ہے۔ افسر کے مطابق یونٹ نے اہلکار سے فون پر رابطہ قائم کیا تو لاپتہ اہلکار نے بتایا کہ وہ واپس نہیں آئے گاجب کہ وہ جلد اپنے گھر پہنچنے والا ہے۔ آفیسر نے بتایا کہ فوجی پروٹوکول کے مطابق انہوں نے پولیس کو اطلاع کر دی ہے اور اہلکار کے اہلِ خانہ کو بھی واقعے سے باخبر کردیا ہے۔