کوئٹہ :بلوچستان کے ضلع لسبیلہ، حب اورپشین میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ 11 دسمبرکو ہوگی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پریذائیڈنگ افسران کوانتخابی سامان کل دیا جائے گا اور بلدیاتی انتخابات کیلئے دیگر تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق ضلع حب اورلسبیلہ میں مجموعی طور پر 259 پولنگ اسٹیشن اور 690 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں اور دونوں اضلاع میں ووٹرزکی تعداد 153236 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 119087 ہے۔

الیکشن کمیشن اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی کے انتخابات کیلئے 13 پولنگ اسٹیشن اور 30 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں اور یہاں مرد ووٹرز کی تعداد 6151 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 4739 ہے۔میونسپل کمیٹی حرمزئی میں مجموعی طور پر79 امیدواروں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔انتخابی مہم آج رات 12بجے ختم ہوجائے گی اور پشین میں تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں گزشتہ روز ہونے والے پولنگ کے بعد ابتدائی طور پر پارٹی پوزیشن سامنے آگئی۔میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع سے غیرحتمی نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ایک ہزار 83 نشستوں میں سے ایک ہزار 70 نشستوں کے نتائج آگئے ہیں۔

سیاسی جماعتوں میں پاکستان تحریک انصاف سب سے آگے ہے جو اب تک 371 نشستیں جیت چکی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار 313 نشستوں پر کامیاب ہوگئے۔پاکستان مسلم لیگ ن 230 اور پیپلزپارٹی کے 139 امیدوار اپنی سیٹیں جیت گئے۔ مسلم کانفرنس اور تحریک لبیک 8،8 سیٹوں پر کامیاب ہوگئے جبکہ جماعت اسلامی بھی ایک نشست جیت گئی۔

Shares: