پنجاب میں بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کام کر رہی ہے,میاں ذیشان رفیق

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیفشاہد ریاض):صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر موجودہ بلدیاتی نظام کو بہتر اور موثر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قانونی مسودے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بیداری ساؤتھ ایشیاء پارٹنر شپ، ہوم نیٹ اور وائز کے اشتراک سے پنجاب میں مقامی حکومتوں کے قیام کیلئے فوری انتخابات کے عنوان سے صوبائی سطح کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ حالیہ مردم شماری کی روشنی میں نئی مقامی حکومت کی حدود بندی ناگزیر ہے۔ مقامی حکومت کی ری اسٹریکچرنگ میں چھوٹے یونٹس بنانے کا مقصد گراس روٹ لیول پر اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنانا اور انتظامی امور کو بہتر طریقے سے انجام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط مقامی حکومت کا نظام ہی دیہی علاقوں میں سالڈ ویسٹ اور سینی ٹیشن سمیت دیگر میونسپل خدمات کو فراہمی کو یقینی بنا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چاہتی ہیں کہ دیہی علاقوں میں ایک موثر اور پائیدار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا نظام ہو جو نو لاس نو پرافٹ کی بنیاد پر چلایا جائے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ایک مضبوط مقامی حکومت کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے شرکاء کو حکومت کے عزم کے بارے میں یقین دہانی کراتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ نیا بلدیاتی قانون جامع ہوگا اور پچھلے قانون سے نمایاں طور پر مختلف اور قابل عمل ہوگا۔

کانفرنس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بریگیڈیئر اسلم گھمن، چودھری طارق سبحانی، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب آسیہ گل، اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور کارکنان نے بھی شرکت کی۔

Leave a reply