ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (نامہ نگارشہزادخان) تحریک انصاف دور کے دوران محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام عوامی مفاد کے لیے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے کرپشن کی نظر ہو گئے ہیں۔ بستی یارو کھوسہ میں مشہور چور پل سے ریلوے اسٹیشن تک بننے والی سڑک تین سال سے نامکمل ہے، جبکہ ٹھیکیدار اور مشینری غائب ہیں۔

اس دو کلومیٹر طویل سڑک پر 2021 میں کام شروع کیا گیا تھا۔ تاہم ٹھیکیدار نے چند ابتدائی مراحل کے بعد کام ادھورا چھوڑ دیا اور محکمے کی ملی بھگت سے رقم نکال کر فرار ہو گیا۔ سڑک پر صرف پتھر ڈالے گئے ہیں، جن سے گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے اور موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں۔

ناقص صورتحال کے باعث مقامی آبادی کو گرد و غبار اور دھول کے باعث سانس کی بیماریوں کا سامنا ہے۔ راہگیر اور رہائشی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور اس ادھورے منصوبے کو کرپشن کی بدترین مثال قرار دے رہے ہیں۔

اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر ڈیرہ غازی خان، اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور سڑک کا یہ منصوبہ فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سفری سہولیات اور صحت کے مسائل سے نجات مل سکے۔

Shares: