لندن کی فضائی حدود میں ایک بڑا خلل پیدا ہو گیا ہے جس کی وجہ سے برطانیہ کے اہم ہوائی اڈے ہیتھرو اور گیٹ وک پر پروازیں معطل ہو گئی ہیں۔ برطانیہ کی فضائی ٹریفک کنٹرول اتھارٹی نے بتایا ہے کہ یہ مسئلہ ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے سامنے آیا
لندن ایئر ٹریفک کنٹرول کے نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر طیاروں کی روانگی اور آمد روک دی گئی ہے۔ حکام نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ پروازوں کا معمول کب بحال ہو گا۔سوشل میڈیا اور فلائٹ ریڈار کی رپورٹس کے مطابق، لندن کے ایئرپورٹس پر بڑی تعداد میں طیارے رن ویز پر کھڑے ہیں، جبکہ جنوبی انگلینڈ کی فضائی حدود میں ہوائی ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ متعدد مسافروں نے رن وے پر پھنسے ہوئے مناظر سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔ ہیتھرو، جو کہ برطانیہ کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے، نے تصدیق کی ہے کہ ان کی طرف سے کوئی پرواز روانہ نہیں ہو رہی کیونکہ NATS کے تکنیکی مسائل کی وجہ سے فضائی ٹریفک کنٹرول محدود کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، لندن کے دوسرے بڑے ہوائی اڈے گیٹ وک نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس وقت وہاں سے تمام روانگی کی پروازیں روک دی گئی ہیں۔گیٹ وک ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ وہ NATS کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ پروازوں کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔ جبکہ آمد پروازیں ابھی بھی لینڈ کر رہی ہیں، مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پرواز کی حالت جاننے کے لیے ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
اس تکنیکی مسئلے نے ملک کے شمال تک بھی اثر ڈالا ہے۔ ایڈنبرا ایئرپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ تمام روانگی کی پروازیں فی الحال معطل ہیں
NATS نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بیان جاری کیا ہے کہ ان کے انجینئرز نے متأثرہ نظام کو بحال کر دیا ہے اور اب لندن کے علاقے میں فضائی ٹریفک کو معمول کے مطابق بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔ NATS نے مسافروں اور ہوائی کمپنیوں سے تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور معذرت کی کہ اس خرابی کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم، NATS نے واضح کیا ہے کہ نظام بحال ہونے کے باوجود پروازوں کا فوری آغاز نہیں ہو گا اور خلل کچھ دیر تک جاری رہ سکتا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ صورتحال کب تک مکمل طور پر معمول پر آئے گی، لیکن NATS اور متعلقہ ہوائی اڈے اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
مسافروں کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ اپنے فلائٹ کی صورتحال کے بارے میں ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔ہوائی اڈوں پر پہنچنے سے قبل تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل کریں۔ممکنہ تاخیر یا منسوخی کے لیے تیار رہیں۔
ایک پرواز کے مسافر نے بتایا کہ کپتان نے اعلان کیا "لندن کی فضائی حدود بند ہیں، اس لیے ہم روانہ نہیں ہو سکتے۔”ایک اور مسافر نے بتایا کہ پائلٹ نے خبردار کیا ہے کہ "جب بھی فضائی حدود دوبارہ کھلے گی، طیاروں کی ایک لمبی قطار لینڈنگ کے لیے انتظار میں ہو گی۔”