سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے اشتراک سے گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں علامہ اقبال یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان "وطن سے پیار، منشیات سے انکار” تھا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی اور منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر جنرل سکندر حیات تھے، جبکہ صدارت پرنسپل مرے کالج محمد نواز اور چیف آرگنائزر ملک محمد اقبال (مرکزی چیئرمین پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل) نے کی۔ اس موقع پر میجر نزیر (ANF)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود نقاش جٹ (فوکل پرسن ANF) نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس کانفرنس میں نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے، تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے اہم پیغامات دیے گئے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی ضرورت ہے۔

کانفرنس میں طلبہ، اساتذہ، صحافیوں، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اینٹی نارکوٹکس فورس اور پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل کی اس کاوش کو سراہا اور ایسے پروگراموں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا۔

یہ تقریب نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے، ان کے حوصلے بلند کرنے اور معاشرتی بہتری کی جانب عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔

Shares: