ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث تحصیل تونسہ کی بیٹ جڑھ لغاری سمیت کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جس پر ضلعی انتظامیہ نے فوری ریسکیو اور انخلاء کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کشتی میں سوار ہو کر سیلاب سے متاثرہ بستیوں کا معائنہ کیا اور ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے، لہٰذا نشیبی علاقوں کے مکین فوری طور پر رضاکارانہ طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ حکومت نے تحصیل تونسہ شریف کے تمام سرکاری اسکولز کو عارضی ریلیف کیمپس قرار دے دیا ہے تاکہ متاثرین کو فوری پناہ دی جا سکے۔

محمد عثمان خالد نے تونسہ میں جاری سیوریج لائنز کی تنصیب کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیوریج کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے آر ایچ سی شادن لنڈ کا بھی دورہ کیا، مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور بہتری کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں اور حکومت سے تعاون کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کریں۔

Shares: