اسلام آباد: سردی کے آغاز سے پہلے ہی حکومت نے عوام پر ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈال دیا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی کلو کا اضافہ کر دیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت پہلے 251 روپے 30 پیسے تھی جو اب بڑھ کر 254 روپے 18 پیسے ہو گئی ہے۔ اس اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 34 روپے 9 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جس سے گھریلو صارفین کو مزید مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 2 ہزار 999 روپے 47 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل اکتوبر کے مہینے میں یہی سلنڈر 2 ہزار 965 روپے 38 پیسے کا دستیاب تھا۔ اوگرا کے مطابق یہ قیمتیں نومبر کے مہینے کے لیے مقرر کی گئی ہیں اور جلد ہی عوام پر لاگو ہوں گی۔ سردیوں کا موسم قریب ہے اور پاکستان میں عمومی طور پر اس سیزن میں گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ قیمتوں کا اضافہ عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا، جو پہلے ہی مہنگائی کے طوفان کا سامنا کر رہے ہیں۔

Shares: