خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے بخمل احمد زئی میں پولیس موبائل پر خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ چھ اہلکار زخمی ہوگئے۔
لکی مروت پولیس موبائل پر خودکش حملے میں ہیڈ کانسٹیبل علاؤ الدین شہید، جبکہ اے ایس آئی حق نواز خان، ڈرائیور یار محمد، کمال احمد ایلیٹ فورس اور ڈی ایف سی نصر اللہ زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق حملہ سڑک کنارے موجود دو حملہ آوروں نے کیا۔ جیسے ہی پولیس موبائل قریب پہنچی، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ دوسرا حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ملزم کی تلاش کے لیے وسیع سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور کی ممکنہ شناخت اور سہولت کاروں کے نیٹ ورک کے حوالے سے بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی فورسز کو نشانہ بنانے کی منظم کوشش تھی اور علاقے میں موجود عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔








