وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے “لنگز آف لاہور” منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ ماحول دوست منصوبہ لاہور اور اس کے گرد و نواح میں قدرتی فضا کی بحالی میں سنگِ میل ثابت ہو گا۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبے کے تحت لاہور کے اردگرد جنگل نما حد بندی قائم کی جائے گی، جس کے لیے تقریباً 48 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ منصوبہ “پی ایچ اے لاہور” کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ لاہور کی جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر جبکہ رقبہ 1,711 ایکڑ پر مشتمل ہو گا۔ “رِنگ فاریسٹیشن” منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں 1,210 ایکڑ اراضی پر 59 کلومیٹر طویل رنگ فاریسٹ تیار کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 31 اور تیسرے مرحلے میں 22 کلومیٹر رقبے پر شجر کاری کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق پہلا مرحلہ ایک سال کے عرصے میں مکمل کر لیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت جامن، کچنار، امرود اور دیگر پھل دار درختوں کے علاوہ پلکن، ارجن، گلِ نشتر، سکھ چین، جیٹروفہ اور دیگر مقامی اقسام کے درخت لگائے جائیں گے۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق “لنگز آف لاہور” منصوبے سے تقریباً دو کروڑ افراد مستفید ہوں گے، جبکہ یہ منصوبہ نہ صرف سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا بلکہ شہری پھیلاؤ کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے مکمل خاتمے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ترجمان نے کے مطابق یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور صحت مند پنجاب کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔

Shares: