کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں ایک 5 منزلہ عمارت اچانک گر گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے 6 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال حکام نے بتایا کہ ان میں سے ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دیگر پانچ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ان کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل نگرانی کر رہی ہے،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں تقریباً 6 فیملیز رہائش پذیر تھیں اور عمارت کی اچانک تباہی نے ان کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس عمارت کے بارے میں کسی بھی قسم کا کوئی نوٹس یا وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی، جس سے بچاؤ کے لیے کوئی پیشگی تدابیر نہیں اختیار کی جا سکیں۔

اس واقعے کے فوری بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کو ریسکیو آپریشن اور زخمیوں کی حالت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو بوسیدہ عمارتوں کی فوری تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں،علاقہ مکینوں کی حفاظت کے لیے متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کر رہے ہیں جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ رہیں اور کسی بھی مشتبہ عمارت کی معلومات متعلقہ حکام کو فوری فراہم کریں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

Shares: