مظفرگڑھ: (باغی ٹی وی) مظفرگڑھ میں چائلڈ پورنوگرافی کا ایک سنگین کیس منظر عام پر آیا ہے، جہاں پولیس نے ملزم فرید گبول کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ صدر پولیس کے مطابق ملزم نے موضع سردار آباد میں متعدد بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ان کی نازیبا ویڈیوز بنائیں، جنہیں بلیک میلنگ اور سوشل میڈیا پر پھیلانے کے لیے استعمال کیا گیا۔
ایک متاثرہ بچے کی شکایت پر پولیس نے کارروائی شروع کی، جس نے ملزم کے خلاف نازیبا ویڈیوز سمیت دیگر ثبوت فراہم کیے۔ متاثرہ بچے نے انکشاف کیا کہ ملزم نے اسے اور دیگر بچوں کو مسلسل بلیک میل کیا۔ پولیس نے ملزم کے موبائل سے مزید ویڈیوز برآمد کیں، جن سے ایک اور متاثرہ بچے کی شناخت ہوئی، جسے قانونی کارروائی کے لیے تھانے طلب کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے۔ مقدمہ تعزیرات پاکستان اور پیکا ایکٹ 2016 کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ کیس کی نگرانی کے لیے ڈی ایس پی سٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پولیس دیگر متاثرین سے رابطے کر رہی ہے تاکہ مزید انکشافات اور قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں دائرہ دین پناہ میں بھی چائلڈ پورنوگرافی کا ایک بین الاقوامی گینگ پکڑا گیا تھا، جو بچوں کی نازیبا ویڈیوز بناکر ڈارک ویب پر غیر ملکیوں کو فروخت کرتا تھا۔









