اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے نواحی علاقے مسافر خانہ میں ایک اندوہناک قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 38 سالہ خاتون رضیہ بانو زوجہ محمد ہاشم کو مبینہ طور پر سر پر تیز دھار آلے کے وار سے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے حرکت میں آ چکے ہیں۔

ریسکیو 1122 کو ایک شہری کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ایک خاتون کی ناک سے خون بہہ رہا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو ٹیم فوری طور پر روانہ ہوئی، مگر اس دوران لواحقین زخمی خاتون کو ایک رکشے پر خود لے کر آ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی طبی معائنہ کیا، جس میں یہ انکشاف ہوا کہ خاتون جانبر نہ ہو سکی تھیں۔ ان کے تمام وائیٹل سائنز ختم ہو چکے تھے اور سر کے اوپری حصے، پیریٹل ریجن، پر تیز دھار آلے سے لگنے والا گہرا زخم موجود تھا، جس سے واضح ہوا کہ یہ ایک پرتشدد حملہ تھا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کی موت ایک سے دو گھنٹے قبل واقع ہو چکی تھی۔ جب ریسکیو عملے نے لواحقین سے وقوعے کی تفصیل جاننے کی کوشش کی تو اُنہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ سب سوئے ہوئے تھے، اور کسی نامعلوم شخص نے خاتون کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔ اُن کا مؤقف تھا کہ وہ صرف یہ معلوم کرنا چاہتے تھے کہ خاتون زندہ ہیں یا نہیں۔

ریسکیو کنٹرول روم نے واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کو فوری طور پر مطلع کیا تاکہ قانونی کارروائی شروع کی جا سکے، مگر اس کے باوجود لواحقین لاش کو کسی کارروائی کے بغیر ہی واپس گھر لے گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس مقتولہ کے شوہر، اہل خانہ اور قریبی افراد سے تفتیش کر رہی ہے اور فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ قاتل کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

Shares: