لاہور، مال روڈ پر احتجاج، عدالت نے تاجر کی درخواست پر ایسا حکم دیا کہ اپوزیشن پریشان ہو گئی

0
112
lahore highcourt

صوبائی دارالحکومت لاہور کی اہم ترین شاہراہ پر جلسے اور احتجاج کے حوالہ سے عدالت نے بڑا حکم دے دیا

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن نائب صدر ناصر احمد انصاری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی، دائر دارخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مال روڈ پر احتجاج کرنا اور ریلی نکالنا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے، مال روڈ پر دفعہ 144 پہلے سے ہی نافذ ہے۔

عدالت نے سماعت کے بعد مال روڈ پر احتجاج اور ریلی نکالنے پر پابندی کے عدالتی فیصلہ پر چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی سی لاہور اور چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو عمل درآمد کا حکم دے دیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ کہ مال روڈ پر احتجاج سے کاروبار تباہ ہوچکا ہے جبکہ احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانگی بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے، آٹھ برس قبل 2011 میں سابق چیف جسٹس اعجاز چوہدری نے مال روڈ پر احتجاج اور جلسے جلوس پر پابندی لگائی تھی،.

جسٹس امین الدین خان نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی سی لاہور اور چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو مال روڈ پر احتجاج، جلسے جلوس کرنے پر پابندی سے متعلق عدالتی فیصلہ پر من عن عمل درآمد کا حکم دے دیا۔ عدالت نے فریقین سے عمل درآمد کی رپورٹ 24 ستمبر کو طلب کرلی ۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے آج یوم سیاہ کا اعلان کیا ہوا ہے، مال روڈ پر مسلم لیگ ن جلسہ کرے گی جس سے شہباز شریف، قمر زمان کائرہ، ساجد میر و دیگر خطاب کریں گے، حکومت نے مال روڈ پر تاحال جلسہ کی اجازت نہیں دی.

مال روڈ پر احتجاج کرنے اور جلسے کرنے پر پابندی عائد ہے، تاجروں کی ہی درخواست پر عدالت نے پابندی عائد کی تھی لیکن سیاسی جماعتیں پابندی کی خلاف ورزی کرتی رہتی ہے، تاجروں‌ کا کہنا ہے کہ جلسوں سے ان کا کاروبار متاثر ہوتا ہے

رمضان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والی اے پی سی میں 25 جولائی کو یوم سیاہ ،یوم احتجاج منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا بعد ازاں رہبر کمیٹی نے بھی اس کی توثیق کی تھی، گزشتہ برس ہونے والے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کا الزام لگا کر اپوزیشن ایک سال بعد یوم سیاہ منائے گی

یوم سیاہ کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں کے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ میں بڑے جلسے ہوں گے جبکہ دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی. لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے جلسے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، کراچی میں پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری، پشاور میں مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی، کوئٹہ میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز خطاب کریں گی

Leave a reply