چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے عالمی ماہ کے آغاز پر خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کو اس خطرناک مرض کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے صحت کے بارے میں اہم پیغام دیا ہے

آصفہ بھٹوکا کہنا ہے کہ خواتین کو اپنی صحت کو اولین ترجیح دینی چاہیے اور چھاتی کے سرطان کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، پاکستان میں ہر نویں خاتون کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہو سکتا ہے، اگر بیماری کا پتہ ابتدائی مرحلے میں چل جائے تو صحتیابی کی شرح نوے فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ خود اپنا معائنہ کریں اور اگر کسی بھی غیر معمولی علامت کا سامنا ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

خاتون اول نے اپنی عمر کے مختلف حصوں میں خواتین کے لئے مخصوص چیک اپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تیس سال کی عمر کے بعد خواتین کو کلینکل چیک اپ اور چالیس سال کی عمر کے بعد میموگرافی کرانی چاہیے تاکہ چھاتی کے سرطان کا بروقت علاج ممکن ہو سکے، صحت مند طرز زندگی اختیار کر کے چھاتی کے سرطان کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے معاشرے اور خاندان کا کردار بھی اہم ہے۔ خاتون اول نے ڈاکٹروں، نرسوں، رضاکاروں اور دیگر تنظیموں کی خدمات کو سراہا ہے ایک ماں، بہن یا بیٹی کو بچانا دراصل آنے والی نسلوں کو بچانا ہے.

Shares: