مفادات کے تحفظ اور دفاع کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ،وزیر خارجہ کا بھارت کو پیغام

0
35

مفادات کے تحفظ اور دفاع کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ،وزیر خارجہ کا بھارت کو پیغام

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی، اہم علاقائی امور اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت اس خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے کی مسلسل کوششوں میں مصروف ہے

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے وہ افغان امن عمل میں ایک سپائیلر(Spoiler) کا کردار ادا کر رہا ہے ،وہ نہیں چاہتا کہ افغانستان میں امن و استحکام ہو پاکستان ہر سفارتی محاذ پر بھارت کا مقابلہ کر رہا ہے بھارت واویلا کر رہا ہے کہ اسے سلامتی کونسل کے غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے بڑی کامیابی ملی ہے اسے تین کمیٹیوں کی صدارت کا موقع ملے گا پاکستان بھی سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر رہا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کو بھی اہم ذمہ داریاں ملیں سلامتی کونسل میں تیس کے قریب کمیٹیاں اور ذیلی کمیٹیاں ہوتی ہیں اور غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے بھارت کو ذمہ داریاں ملنا کوئی اچنبھے کی بات نہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کہ بھارت کی خواہش کیا تھی؟

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی خواہش تھی کہ اسے 1267 کی قدغن لگانے والی اہم کمیٹی کا ممبر بنا دیا جائے لیکن اسے ناکامی ہوئی بھارت کی خواہش تھی کہ نیوکلیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی کمیٹی کی صدارت اسے مل جائے جو اسے نہیں ملی بھارت چاہتا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے کمیٹی میں شامل ہو جائے کیونکہ اسے افغانستان کے معاملات سے الگ تھلگ رکھا گیا جو اس کی خواہش پوری نہیں ہوسکی ہم نے بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوت پی 5 سمیت سب کے سامنے رکھے ہیں دنیا، سنتی سب کی ہے لیکن حقائق کو جانتی ہے اور سمجھتی ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارت کے عزائم کو بے نقاب کرتے رہیں گے ہمارے اقوام متحدہ کی سطح پر، سلامتی کونسل کی سطح پر اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے ہیں ہم اپنے مفادات کے تحفظ اور دفاع کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں نئے صدر بائیڈن 20 جنوری کو باقاعدہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے وہ بطور سینیٹر، فارن ریلیشنز کمیٹی کے سربراہ رہے ہیں وہ اس خطے سے واقف ہیں وہ پاکستان بھی تشریف لا چکے ہیں – وہ یہاں کی بہت سی شخصیات سے شناسائی رکھتے ہیں انہیں یہاں کے حالات و واقعات کا پورا ادراک ہے ہم بھی ان کی سوچ اور اقدار کو سمجھتے ہیں جیسے ہی امریکہ میں نئی ایڈمنسٹریشن منصب سنبھالے گی ہم ان کے ساتھ انگیج کریں گے اس حوالے سے میں عنقریب نئے سیکرٹری آف اسٹیٹ انتھونی بلنکن کو خط لکھوں گا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ایک مختلف الاخیال لوگوں کا منفی اتحاد ہے جس کا مقصد موجودہ حکومت کو زق پہنچانا ہے اور اداروں پر دباؤ ڈال کر اپنے کرپشن کے کیسز سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے لہذا یہ بہت جلد منتشر ہو جائیں گے پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن صاحب کے دو بڑے اعلانات تھے ایک اسمبلیوں سے مستعفی ہونا اور دوسرا لانگ مارچ جہاں تک استعفوں کا معاملہ ہے اس پر تو پیپلز پارٹی پہلے اور اب نون لیگ بھی پیچھے ہٹ گئ ہے جبکہ لانگ مارچ پر بھی ان کا اتفاق نہیں ہے جب 31 جنوری کی ڈیڈ لائن ختم ہو گی تو یہ مل بیٹھیں گے اور پھر فیصلہ کریں گے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی صفوں میں اتحاد نہیں ہے

Leave a reply