مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا فیصلہ

0
35
Crime-Scene

سپریم کورٹ نے ملک کے تمام مفرور ملزمان کے بینک اکائونٹس اور شناختی کارڈز بلاک کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد سندھ میں مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

باغی ٹی وی: کراچی رجسٹری میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3رکنی بینج نے ملزم شوکت مسیح کی بریت کے خلاف حکومت سندھ کی اپیل کی سماعت کی ،عدالت نے مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ۔

پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے بتایا کہ ملزم شوکت مسیح تاحال مفرور ہے اور گرفتاری کیلئے اقدامات کئےجارہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے وفاقی وزارت داخلہ ،نادرا اور وزارت داخلہ سندھ کو حکم دیا کہ مفرور ملزمان عدالت میں خود پیش نہیں ہوتے انہیں گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

جسٹس مشیرعالم نے ریمارکس دیئے کہ مفرور ملزمان اپنی تقریروں میں گلا پھاڑپھاڑ کر عدالتوں کے احترام کا کہتے ہیں لیکن خود عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔

عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ،نادرا اور محکمہ داخلہ سندھ کوحکم دیا کہ تمام مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ اور بینک اکاوئنٹس بلاک کردیئے جائیں ۔

ملزم شوکت مسیح کو جعلی ادویات کیس میں ماتحت عدالت نے سزا سنائی جبکہ ہائیکورٹ نے 2009ء میں بری کردیا،ملزم عدالتی سمن جاری ہونے کے باوجود پیش نہیں ہورہا اور تاحال مفرروہے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق مفرور ملزمان کے شناختی کارڈز اور بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا فیصلہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام سے 15 روز میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور آئی جی سندھ نے شعبہ تفتیش کو مزید 350 کمپیوٹرز فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ شعبہ تفتیش کوبہتر بنانا ہمارا مقصد ہے۔

Leave a reply