معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کے خلاف ان کی بیوی حمیرا نے فیملی کورٹ لاہور میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں ان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
حمیرا کا کہنا ہے کہ محمود بھٹی شراب کے نشے میں دھت ہو کر اس پر تشدد کرتا تھا، اس کے کھانے پینے پر پابندیاں لگا دیتا تھا اور گھر میں قید کر کے رکھتا تھا۔حمیرا نے اپنی درخواست میں یہ بھی بتایا کہ محمود بھٹی نے فرانس واپس جانے کے دوران اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے اس کے بارے میں کسی کو بتایا تو وہ اسے جان سے مار ڈالے گا۔حمیرا نے خرچہ و نان نفقہ کا بھی مطالبہ کیا ہے. ان الزامات کے بعد فیملی کورٹ لاہور نے 20 مارچ کو محمود بھٹی کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
فیملی کورٹ کے جج نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر محمود بھٹی عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔ اس کیس کی مزید سماعت 20 مارچ کو ہوگی اور اس وقت عدالت محمود بھٹی کے موقف کا جائزہ لے گی۔