تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی جیسے لوگ اب پی ٹی آئی کے دعوے دار بن چکے ہیں، جو پی ٹی آئی کے موقف پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ اکبر ایس بابر نے یہ بات الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے محمود خان اچکزئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "جس کی اپنی جماعت سنبھل نہیں پا رہی، وہ پی ٹی آئی کی بات کر رہا ہے۔” اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ "کل تک یہی لوگ پی ٹی آئی کو پاکستان کی بدترین جماعت قرار دیتے تھے، لیکن اب یہ جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں۔”

ان کا کہنا تھا کہ یہ تضاد ان سیاستدانوں کے دوہری حکمت عملی کا عکاس ہے جو محض اپنی سیاسی مفادات کے لئے پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات استوار کر رہے ہیں۔اکبر ایس بابر نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ "ایک طرف ہائی کورٹ میں کیس پر اسٹے لیا گیا ہے اور دوسری طرف یہاں کیس کو روکا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ورکرز کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔” انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو انصاف نہیں مل رہا اور کیس کو دانستہ طور پر ٹالا جا رہا ہے۔پی ٹی آئی کے بانی رکن نے مزید کہا کہ وہ قانون کے مطابق اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ پارٹی ورکرز کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور پارٹی کی ساکھ کو بچایا جا سکے۔

Shares: