ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان) عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے زیر اہتمام ماحول دوست زراعت پر 14 روزہ عملی تربیتی پروگرام کی تکمیل پر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں خواتین و حضرات کسان معاونین کے اعزاز میں تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔
تقریب میں ایف اے او کی بین الاقوامی ماہر مس نویلا کنوانڈو نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صلاحیت کی تعمیر ایک مسلسل عمل ہے۔ ایف اے او ایک تکنیکی ادارہ ہے جو ڈیرہ غازی خان کے محققین، توسیعی کارکنان اور کسان برادری کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے زراعت اور پانی کے انتظام کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کرتا ہے۔
غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایف اے او اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹا جا سکتا ہے۔
ایف اے او کے ڈسٹرکٹ ٹریننگ ٹیم لیڈر ڈاکٹر محمد ارشد قاضی، ڈپٹی ڈائریکٹر آن فارم واٹر مینجمنٹ شاہد حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن غلام محمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے تربیتی پروگرام ماحول دوست زرعی طریقوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تربیتی پروگرام کے دوران کسانوں اور توسیعی کارکنان کو جدید زرعی تکنیکوں، بہترین طریقوں اور موثر کاشتکاری کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ مردوں کے لیے 14 روزہ اور خواتین کے لیے 10 روزہ تربیت کے ذریعے کسانوں کو اپنی پیداوار بڑھانے اور معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے ضروری مہارتیں سکھائی گئیں۔ تربیت کاروں کو بھی جدید ترین تکنیکوں سے آگاہ کیا گیا تاکہ وہ کسانوں کو بہتر طریقے سے تربیت دے سکیں۔
مقررین نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام زرعی شعبے میں بہتری لانے اور کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں۔