فیفا ورلڈ کپ: ماہرین نے قطر سے آنے والوں کو’کیمل فلو‘ سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے-
باغی ٹی وی : طبی جریدے میں شائع تحقیقی رپورٹ کے مطابق ورلڈکپ کے دوران نہ صرف قطر بلکہ اس کے پڑوسی ممالک میں کئی متعدی امراض پھیل سکتے ہیں۔ چونکہ لاکھوں افراد ٹورنامنٹ دیکھنے قطر آرہے ہیں اور ان سے کووڈ، منکی پاکس، مرس اور دیگر امراض مختلف ممالک تک پہنچ سکتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے قطر سے برطانیہ آنے والے فٹ بال کے شائقین کو کیمل فلو کی علامات پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے، ان علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور قے کرنا شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق قطر میں اونٹ کی سواری سے لطف اندوز ہونے والے برطانوی شائقین کو اس سے خطرہ ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ’کیمل فلو‘ کورونا وائرس سے ہی تعلق رکھتا ہے مگر یہ اس سے بھی زیادہ جان لیوا وائرس ہے۔
اگرچہ قطر اس حوالے سے تیار ہے مگر لوگوں کے تحفظ کیلئے پھیلاؤ کی نگرانی کرنا ضروری ہے۔ماہرین نے قطر جانے والے افراد کو اونٹوں کو چھونے سے گریز کا مشورہ بھی دیا۔
واضح رہے فیفا ورلڈ کپ میں سیمی فائلز کے لیے لائن اپ مکمل ہو گئی ہے، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل منگل کو ارجنٹینا اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بدھ کو مراکش کا مقابلہ دفاعی چیمپئن فرانس سے ہوگا۔
خیال رہے کہ مرس وائرس سب سے پہلے 2012میں سعودی عرب میں رپورٹ ہوا تھا اور اب تک اس کے 27مختلف ممالک میں 2600کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔