آواران ضلع میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خلاف ایک ہدفی کارروائی کامیابی سے انجام دی۔ اطلاعات کے مطابق، بھارتی پراکسی دہشتگرد تنظیم "فتنہ الہندستان” کے دہشتگرد اس علاقے میں موجود تھے جن کا ٹھکانہ سکیورٹی فورسز نے محاصرہ کر لیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے۔ یہ کارروائی ملک کے اندر بھارتی دہشتگردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔اس دوران جوانوں کی قیادت کرنے والے بہادر افسر میجر سید رب نواز طارق (عمر: 34 سال، رہائشی ضلع مظفرآباد) نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کیا اور اپنے جوانوں کی رہنمائی کرتے ہوئے دشمن کے خلاف دلیری سے لڑائی لڑی۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں وہ جام شہادت نوش کر گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج کی جانب سے اس علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کا خدشہ ہے، جس کے باعث وہاں آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشتگرد کو بچنے نہ دیا جائے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سپانسر دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسے شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔