لنڈیکوتل (باغی ٹی وی) لنڈیکوتل پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں آئس اور ہیروئن برآمد کر لی، جس کے نتیجے میں تین ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر رائے مظہر اقبال کی ہدایات پر جاری کریک ڈاؤن کے تحت، ایس ایچ او لنڈیکوتل عدنان آفریدی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے زیڑے کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار کو روکا۔ تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے 5 کلوگرام آئس اور 3 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
پولیس نے موقع پر ہی ملوث ملزمان امداد، فہد اور خدایار کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں حوالات منتقل کر دیا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور ضلع خیبر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں گے۔








