میجر ملک محمد اکرم 4 اپریل 1938ء کو کھاریاں کے گاؤں ڈنگہ میں پیدا ہوئے.میجر محمد اکرم نے 1961ء میں فوج میں شمولیت اختیار کی. میجر محمد اکرم 4 فرنٹئیر فورس رجمنٹ کا حصہ بنے اور 1970 میں میجر کے رینک پر فائز ہوئے.1971ءکی پاک بھارت جنگ کے دوران میجر محمد اکرم مشرقی پاکستان میں ہلی کے محاذ پر تھے.دُشمن کے ایک بریگیڈ نے آپ کی کمپنی کے دفاعی حصار کو توڑنے کیلئے متعدد حملے کئے.بھارتی فوج کی عددی برتری کے باوجود آپ کی کمپنی نے مسلسل14دن تک دشمن کے ہر حملے کو ناکام بنایا.بھرپور مزاحمت کے نتیجے میں بھارتی فوج مادرِ وطن کے ایک اِنچ پر بھی قبضہ کرنے کی جرأت نہ کر سکی .میجر محمد اکرم دفاعِ وطن کے اِس معرکے میں شہید ہو گئے.آپ کی بے مثال جرأت ، دلیری اور بے باکی کا اعتراف بھارتی کمانڈر انچیف نے بھی کیا.

میجر محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر)کا53واں یومِ شہادت.آج میجر محمد اکرم شہید کا یومِ شہادت پوری عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے.دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا.علماء کرام نے شہید کے درجات کی سربلندی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا. علما کرام کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں، میجر محمد اکرم شہید دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا

میجر محمد اکرم شہید نے وطن کیلئے عظیم قربانی پیش کی.صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کو 53 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا،صدر مملکت نےمیجر محمد اکرم شہید کو دفاع وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے سلام پیش کیا صدر مملکت نے میجر محمد اکرم شہید کے جذبہ حب الوطنی، قوم کیلئے خدمات کو سراہا اور کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے وطن کیلئے عظیم قربانی پیش کی.پوری قوم اپنے شہداء اور اُنکے خاندانوں کی احسان مند رہے گی.قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قربانیاں فراموش نہیں کرے گی.صدر مملکت نے میجر محمد اکرم شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا کی.

میجر محمد اکرم شہید نے دشمن کی عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا.وزیراعظم
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےمیجر محمد اکرم شہید نشان حیدر کے 53ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ میجر محمد اکرم شہید نے مشرقی پاکستان میں لڑتے ہوئے جرآت و بہادری کی لازوال مثال قائم کی. میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر نے دشمن کی عددی برتری کی پرواہ کئے بغیر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا. میجر محمد اکرم شہید نے فرض شناسی اور وطن سے عہد وفاء کی ایسی مثال قائم کی جو نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے. مجھ سمیت پوری قوم کو پاک فوج کے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے.وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے وطن کے عظیم بیٹوں کیلئے پوری قوم کے عقیدت کے جذبات ہیں.پاکستانی قوم اپنے شہداء اور انکے اہل خانہ کی وطن کے دفاع کیلئے دی گئی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر ے گی.

Shares: