اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ، جن میں مخصوص نشستوں کی تقسیم پر اپنے تحفظات اور تجاویز کا اظہار کیا ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک نے پنجاب اسمبلی کی خود مختاری برقرار رکھنے اور مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بارے میں اپنے موقف کا اظہار کیا۔ ملک احمد خان نے خط میں کہا کہ پارلیمانی نظام کی سالمیت اور آزادی کو برقرار رکھنا ضروری ہے، اور ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ نافذ العمل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن کی قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کا احترام کرے۔
واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھی الیکشن کمشنر کو خظ لکھا جا چکا ہے ،یہ خطوط اس وقت لکھے گئے ہیں جب مخصوص نشستوں کی تقسیم اور پارلیمنٹ کی خود مختاری پر بحث جاری ہے۔ اسپیکروں کی طرف سے خطوط لکھنے کا مقصد الیکشن کمیشن کو یہ باور کرانا ہے کہ پارلیمانی نظام کی بنیادیں مضبوط رکھی جائیں اور مخصوص نشستوں کی تقسیم میں قانونی اور آئینی اصولوں کا احترام کیا جائے۔یہ پیشرفت ملک کی سیاسی صورتحال میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس سے پارلیمانی خود مختاری اور الیکشن کمیشن کے کردار پر ایک نئی بحث چھیڑنے کا امکان ہے۔

Shares: