اسلام آباد:نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اپنے وطن واپس پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ خواتین کی تعلیم سے متعلق ایک اہم کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ پارلیمانی سیکریٹری تعلیم نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

ملالہ یوسف زئی کی پاکستان آمد کے موقع پر وفاقی وزیرِ تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس بات کی تصدیق کی کہ ملالہ یوسف زئی 2 روزہ تعلیمی کانفرنس میں حصہ لیں گی۔ کانفرنس میں ملالہ یوسف زئی خواتین کی تعلیم سے متعلق موجودہ چیلنجز اور ان کے حل پر اپنی تجاویز اور خیالات پیش کریں گی۔یہ کانفرنس خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم پر مرکوز ہے اور اس میں عالمی سطح پر تعلیم کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف پہلوؤں پر بحث کی جائے گی۔ ملالہ یوسف زئی اس موقع پر اپنے ذاتی تجربات اور عالمی سطح پر تعلیم کے میدان میں خواتین کو درپیش مشکلات کو اجاگر کریں گی۔

کانفرنس میں کرغزستان کی وزیرِ تعلیم بھی شریک ہو ں گی، جو اپنے ملک کی تعلیمی اصلاحات اور خواتین کی تعلیم کے حوالے سے تجربات کا تبادلہ کریں گی۔ اس کے علاوہ، پاکستان کے چاروں وزرائے اعلیٰ اور صوبائی وزرائے تعلیم بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد خواتین کی تعلیم کو فروغ دینا اور ایک بہتر معاشرتی ڈھانچے کے قیام کے لیے تعلیم کے اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم کا مقصد نہ صرف ایک بہتر خاندان بنانا ہے بلکہ ایک بہتر نسل اور بہتر مستقبل کی تشکیل بھی ہے۔کانفرنس کا عنوان "انٹرنیشنل کانفرنس برائے مسلم خواتین، چیلنجز اور مواقع” ہے، اور اس میں دنیا بھر سے تعلیم کے شعبے کے ماہرین، حکومتی نمائندے اور عالمی تنظیمیں شرکت کریں گی۔

ملالہ یوسف زئی کی پاکستان آمد اور اس کانفرنس میں ان کی شرکت کو خواتین کی تعلیم کے فروغ میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی تعلیم کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں مدد ملے گی۔

میدان صحافت میں جرات کی مثال،مبشر لقمان،سالگرہ مبارک

بھارت کی کٹھ پتلی حسینہ واجد کے ویزے میں توسیع

Shares: