لاہور کے علاقے ہنجروال میں ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک کمسن گھریلو ملازمہ مبینہ طور پر اپنی مالکن اور اس کے شوہر کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق 10 سالہ بچی کی موت کی تحقیقات جاری ہیں۔ اہل خانہ نے بتایا کہ بچی کو کام میں کوتاہی کی وجہ سے مالکن اور اس کے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔مقامی پولیس اسٹیشن کے افسر نے بتایا کہ مقدمہ درج کرنے والے مدعی نے فون پر پولیس کو اطلاع دی کہ بچی کے بازو پر معمولی چوٹ آئی تھی، اور جب وہ عارف والا سے لاہور پہنچے تو بچی مردہ حالت میں پائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق مالکن اور اس کے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بچی کے والدین نے الزام لگایا کہ کام ٹھیک نہ کرنے پر بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث اس کی زندگی کا خاتمہ ہوگیا۔یہ واقعہ ایک بار پھر گھریلو ملازمین کے ساتھ ہونے والے تشدد کو اجاگر کرتا ہے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل آیا ہے اور حکومت سے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور جلد ہی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

Shares: