جہلم پولیس نے منگلا ڈیم ٹوٹنے اور شہر میں سیلاب آنے کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر پھیلانے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کے خلاف الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 (PECA) کی دفعہ 26-A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب 7 ستمبر کو رات تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص نے ٹک ٹاک پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ منگلا ڈیم کا بند ٹوٹ گیا ہے اور جہلم شہر سمیت متعدد دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ جھوٹی ویڈیو سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق ویڈیو بنانے والا ملزم ملک نبیل ولد ملک لیاقت ساکن محلہ سلیمان پارس، تحصیل و ضلع جہلم ہے، جس نے اپنی ٹک ٹاک آئی ڈی (ID: 10065 malik nabee) کے ذریعے جھوٹی خبر پھیلائی۔ ابتدائی انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد تھی اور اس کا مقصد عوام میں غیر ضروری گھبراہٹ پیدا کرنا تھا۔
پولیس تھانہ سٹی جہلم نے واقعے کا مقدمہ نمبر 586/25 درج کیا اور پولیس چوکی کینٹ کے ایس آئی مظہر علی اور اے ایس آئی عصر محمود کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان جہلم پولیس کے مطابق شہریوں کو جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ منگلا ڈیم بالکل محفوظ ہے اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام افواہیں غلط اور گمراہ کن ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔