اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے مخدوم پور میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں کھجور توڑنے کی کوشش میں ایک شخص بجلی کا کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق خادم حسین ولد امام بخش کھجور کے درخت پر چڑھے تھے کہ اچانک وہ درخت کے قریب سے گزرنے والی مین بجلی کی کیبل سے چھو گئے۔ کرنٹ لگنے کے بعد وہ کچھ دیر تک درخت پر ہی لٹکے رہے۔

مقامی لوگوں کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ٹیم نے بڑی احتیاط کے ساتھ خادم حسین کو درخت سے نیچے اتارا اور ان کی زندگی بچانے کے لیے موقع پر ہی سی پی آر (CPR) فراہم کرنے کی کوشش کی، مگر تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

خادم حسین کی لاش کو بعد ازاں آر ایچ سی (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک حادثے نے پورے علاقے میں گہرے غم و افسوس کی فضا پیدا کر دی ہے۔

Shares: