مناسک حج کی ادائیگی جاری، رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائیگا

0
55

لبیک اللھم لبیک، مکہ مکرمہ میں مناسک حج کی ادائیگی جاری ہے۔ پہلے مرحلے میں عازمین وادی منی پہنچ گئے، حج کا سب سے بڑا رکن وقوف عرفہ آج ادا ہوگا۔

عازمین فریضہ حج کے پہلے روز مکہ مکرمہ سے 7 کلومیٹر دور وادی منی پہنچ گئے، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر اختیار کی گئیں ہیں۔

عازمین حج منیٰ میں خصوصی کمپلیکس میں قیام کر رہے ہیں جبکہ حج کا سب سے بڑا رکن وقوف عرفہ آج ادا ہوگا۔ کورونا کی وجہ سے اس بار صرف سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں کو ہی حج کی اجازت دی گئی تھی۔ 70 فیصد عازمین حج غیر ملکی ہیں جو سعودی عرب میں ہی مقیم تھے جن میں مملکت میں مقیم پاکستانیوں کی بھی کثیر تعداد شامل ہے۔

دوسری جانب مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کو غسل دينے اور تبدیلی غلافِ کعبہ کی پروقار تقریب ہوئی۔ خانہ کعبہ کو غسل دينے کے بعد خالص سونے، چاندی کی تاروں اور خالص ریشم سے تیار کردہ غلاف کعبہ تبدیل کیا گیا۔ غلاف کی تیاری میں 100 کلو گرام سے زائد خالص سونا، چاندی اور 675 کلو گرام خالص ریشم استعمال کی گئی ہے۔

غلاف کعبہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے۔ اس کی تیاری پر 24 ملین سعودی رالچ لاگت آئی۔ غلاف کعبہ کے 4 کونوں پر سورہ اخلاص منقش ہے۔ اس کے علاوہ غلاف پر مختلف آیات قرآنی پر مشتمل 16 پٹیاں الگ سے جوڑی گئی ہیں جن پر آیات ربانی کو سونے، چاندی اور خالص ریشم سے تحریر کیا گیا ہے۔

Leave a reply