لاہور کے نواحی علاقے مناواں میں جنڈیالہ روڈ پر ایک مشتبہ ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا۔

مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ڈرون ممکنہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق، گرنے والا ڈرون جدید نوعیت کا ہے .ماہرین کی مدد سے ڈرون کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کس مقام سے اڑایا گیا اور اس کے ذریعے کیا منتقل کیا جا رہا تھا۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ڈرون بھارتی تھا جس کو سیکورٹی فورسز نے گرایا ہے، ڈرون کی پاکستانی حدود میں نقل و حرکت دیکھی گئی تھی، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں ڈرون کو سرویلنس کے لیے استعمال ہونے والا قرار دیا گیا ہے، اور اس میں کوئی بارودی مواد موجود نہیں تھا۔ حساس اداروں نے ڈرون کو تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ڈرون کا اس طرح رہائشی علاقے میں آنا اور پھر گر جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، مقامی افراد میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ اس علاقے میں ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہے، اور حکام کو چاہیے کہ فضائی نگرانی کے ایسے واقعات پر نظر رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔پولیس نے ڈرون قبضے میں لے کر سیف سٹی اتھارٹی اور حساس اداروں کو بھی اطلاع دے دی ہے، تاکہ ڈرون کی پرواز کی سمت اور کنٹرول کرنے والے مقام کا سراغ لگایا جا سکے۔

Shares: