منڈی بہاؤالدین،باغی ٹی وی (نامہ نگارافنان طالب) یوم یکجہتی کشمیر پر احتجاجی ریلی، بھارتی مظالم کے خلاف نعرے
تفصیل کے مطابق منڈی بہاؤالدین میں ڈپٹی کمشنر وقار اکبر چیمہ کی قیادت میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں پاکستانی اور کشمیری پرچم کی پرچم کشائی کی گئی، سائرن بجایا گیا، قومی ترانہ گونجا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
احتجاجی ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیری جھنڈے، بینرز اور احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وقار اکبر چیمہ نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی نے بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قبضے کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ ریلی سے اسسٹنٹ کمشنر عارف انجم اور سی او ایجوکیشن ضیاء اللہ عباسی نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تحصیل پھالیہ اور ملکوال میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔