منڈی بہاؤالدین،باغی ٹی وی (نامہ نگارافنان طالب)خواتین گینگ کی دو ارکان گرفتار ،2 سال قبل ڈاکٹرکے گھر سے چوری ہونے والا سونا اور نقدی برآمد

ڈسڑکٹ پولیس آفیسر احمد محی الدین نے کہا ہے کہ سی آئی اے اسٹاف نے دوسال قبل معروف ڈاکٹرکے گھرپرہونے والی واردات میں ملوث خواتین گینگ کے دوارکان کوپاکپتن سے چھاپہ مارکرگرفتارکرکے ان کے قبضہ سے چوری کیاگیا70لاکھ روپے کاسونااورنقدی برآمدکرکے ڈاکٹرکے حوالے کردیاہے،وہ یہاں ڈی پی اوآفس میں پریس کانفرنس کررہے تھے،

ڈی پی اواحمدمحی الدین نے کہاکہ دو سال قبل تھانہ ملکوال کے علاقہ میں میو اسپتال لاہور کے ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر وجیہہ الحسن کے گھر سے نامعلوم ملزمان نقدی اور طلائی زیورات چوری کرکے فرار ہوگئے تھے۔

انہوں نے ڈی ایس پی سی آئی اے شہباز ہنجرا کو ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی کا ٹاسک دیا ،جس پر انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین ریسورسز کی مدد سے دو ملزماؤں کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا،

جن میں ملزمہ کنیز بی بی اور ملزمہ شمیم بی بی شامل ہیں جو ضلع پاک پتن کی رہائشی ہیں جن کے قبضہ سے چوری شدہ تیس لاکھ روپے نقدی اور بیس تولے طلائی زیورات برآمد کرلئے گئے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی پی او احمد محی الدین کی جانب سے پولیس ٹیم کے لئے نقد انعام اور سرٹیفیکیٹ جبکہ مدعی مقدمہ کی جانب سے پانچ لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا

Shares: