مانسہرہ: مانسہرہ اور اس کے گردونواح میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ شدید بارش کے باعث علاقے کے ندی نالے پھٹ پڑے اور طغیانی کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، جس سے گھروں، بازاروں اور سڑکوں پر پانی داخل ہوگیا ہے۔

بارش کے نتیجے میں برساتی نالہ بپھر گیا، جس کے باعث پانی کئی گھروں میں داخل ہو گیا اور ایک مکان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ سیلابی ریلے میں تین گاڑیاں بہہ گئیں جبکہ ایک مدرسہ بھی ریلے کے پانی میں گھِر گیا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود طلباء کو بحفاظت نکال لیا۔ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں آپریشنز تیز کر دیے ہیں اور سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں محتاط رہنے اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع کے لیے 1 سے 3 ستمبر تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور ہنگامی حالات کے لیے تیار رہیں۔مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ حکام نے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا ہے تاکہ ممکنہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

Shares: