سیالکوٹ :رکن صوبائی اسمبلی منشاء اللہ بٹ نے شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض سے)رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے شہاب الدین پارک میں پودے لگا کر حکومت پنجاب کی "درخت لگائیں،پاکستان کے لئے” کی شجر کاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، سی ای او سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف نواز رندھاوا، سابق ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالحمید قاسم، چودھری سیف اللہ، شیخ ناصر، شہزاد کویتی، سپرنٹینڈنٹ پی ایچ اے باؤ شوکت، سپروائزر نوید اقبال اور کوآرڈینیٹر پی پی 47 محسن عباس بھی موجود تھے۔

رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ درخت لگانا ہم سب کا دینی، مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اور موسمی تبدیلیوں کو روکنے کیلئے جس قدر ممکن ہو درخت لگانے ہونگے اور جو درخت اور پودے لگائے جارہے ہیں ان کی نگہداشت بھی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ذمہ داری سنبھالتے ہی اپنی ترجیحات میں شجر کاری اور میونسپل سروسز کے معیار کے بہترین بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہے اور انسانی زندگی پر اس کے گہرے اور مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اسلام میں درخت لگانا کو صدقہ جاریہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں شجر کاری بہترین کار خیر ہے۔ محمد منشاء اللہ بٹ نے پارک اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ پارک اور گرین بیلٹس میں لگائے جانے والے پودوں کو سیراب اور حفاظت کرنے کیلئے اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور تندہی سے انجام دیں۔
۔۔۔۔۔۔

Leave a reply