سیالکوٹ، باغی ٹی وی( بیورووچیف شاہد ریاض سے) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی دھرتی سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت اور محنتی مزدوروں کی ہنر مندی کا لوہا پوری دنیا مانتی ہیں ان کے ہاتھوں سے تیارکی جانے والی مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی مانگ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اسی طرح یہاں کے برآمد کنندگان دنیا کے کونے کونے میں جاکر پاکستان کی مصنوعات کو متعارف کرواتے ہیں اور وطن عزیز کیلئے اربوں روپے کا قیمتی زرمبادلہ کما کر ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں ‘ آجر اور اجیر ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں دونوں کے مابین اعتماد کا مضبوط تعلق قائم کئے بغیرنا تو معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی مزدوروں کے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یوم مزدور کے سلسلہ میں وزیر آباد روڈ پر واقع مقامی ہوٹل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اراکین صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام، چودھری طارق سبحانی، یوسف حسن باجوہ، عبدالشکور مرزا، شیخ شفیق الرحمن کے علاوہ مختلف ورکرز/ ٹریڈ یونین کے عہدیداران اور اراکین نے شرکت کی ۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ حکومت پنجاب محنت کشوں کے حقوق کیلئے کوشاں ہے اور کم سے کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنارہی ہے اور مزدوروں کوسوشل سیکیورٹی، صحت اور تعلیم کے تمام سہولیات کی بروقت فراہمی اور ان کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ ہرگز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ لیبر ڈیپارٹمنٹ سیالکوٹ کے متعلق لیبر یونینز کے خدشات اور تحفظات کا ازالہ کیا جائے گااور مزدوروں کے مسائل کے حل میں رکاوٹ بننے والے افسران کا محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن ہے تاہم وہ مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے سارا سال حاضر ہیں ۔

رکن صوبائی اسمبلی چودھری طارق سبحانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کے مسائل کے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس دن کے منانے کا مقصد محنت کشوں اور مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو اپنے خون پسینے سے صنعت کا پہیہ چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی ملک مزدوروں کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہاکہ مزدور پاکستان کی اہم شہری ہیں اور کو مراعات کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہیں رکھی جائے گی ۔تقریب سے لیبر یونین کے عہدیداران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک محنت کش اپنی جسمانی اور فکری استعداد کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرتی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا ہے اس لئے حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ محنت کشوں کے جائز ضروریات زندگی کے مطابق ان کو معاوضہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ معاشی مسائل کا شکار نہ ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ اہلیت اور محنت کے مطابق معاوضہ اگر بروقت ادا کیاجائے تو محنت کشوں کے گھروں کے چولہے کبھی ٹھنڈے نہیں ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ حضور اکرمؐ نے فرمایا’’ مزدور کی مزدوری پسینہ خشک ہونے پہلے ادا کرو‘‘۔

Shares: