سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض)یومِ مزدور 2025 کے موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن پنجاب کے زیرِ اہتمام ایک سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ صوبائی اسمبلی محمد منشاءاللہ بٹ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سیالکوٹ کے ہنر مندوں اور محنت کشوں کی مہارت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں تیار ہونے والے سرجیکل آلات، چمڑے کی مصنوعات اور کھیلوں کا سامان اپنی اعلیٰ معیار اور پائیداری کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ان صنعتوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کا نام روشن ہوا ہے بلکہ اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہو رہا ہے۔
تقریب میں صدر ورکرز فیڈریشن پنجاب چودھری محمد اشرف، رفیق مغل، یوسف باجوہ اور دیگر مزدور یونینز کے نمائندے شریک ہوئے۔ اس موقع پر ورکرز یونین نے منشاءاللہ بٹ کا پرتپاک استقبال کیا اور مزدوروں کے مسائل اور مطالبات بھی پیش کیے۔
منشاءاللہ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نہ صرف کم از کم اجرت میں اضافہ کیا بلکہ اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے سوشل سیکیورٹی اسپتال، قائداعظم ورکرز پبلک اسکول اور ورکرز کالونی جیسے منصوبے مکمل کیے جبکہ سیالکوٹ میں ایک نئی لیبر کالونی کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا راشن کارڈ پروگرام باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے، جس کے تحت 40 ارب روپے کی سبسڈی، ماہانہ 3,000 روپے ریلیف اور اشیائے خوردونوش پر 20 فیصد رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ تمام اقدامات محنت کش طبقے کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی عملی شکل ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور کے ورکرز اسپتال میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا قیام اور 200 بستروں کا اضافہ کیا جا رہا ہے، تاکہ مزدوروں کو صحت کی معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔
اس موقع پر چودھری محمد اشرف نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سیالکوٹ کے مزدوروں کو 2300 سے زائد رُکے ہوئے گرانٹ چیکس کی تقسیم پر ان کا شکریہ ادا کیا اور باقی تقریباً 300 چیکس کی جلد اجرائی کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر نے یقین دہانی کرائی کہ باقی چیکس بھی جلد اور شفاف انداز میں تقسیم کیے جائیں گے۔








