وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پیٹرن کی حیثیت سے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے منصور قادر کو پی سی بی کا الیکشن کمشنر مقرر کر دیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق منصور قادر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بیوروکریسی میں وسیع تجربے کے باعث اس عہدے کے لیے بہترین انتخاب قرار پائے ہیں۔ ان کی تعیناتی کا مقصد پی سی بی کے آئندہ انتخابات کو شفاف، غیر جانبدار اور پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کرانا ہے۔عہدہ سنبھالنے کے بعد منصور قادر نے چیئرمین پی سی بی سید محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں پی سی بی کے آئینی و انتخابی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران منصور قادر نے چیئرمین کو اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے منصور قادر کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، لگن اور غیر جانبداری کے ساتھ ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی ترقی اور شفاف نظام کے لیے ایک مضبوط اور منصفانہ الیکشن کمشنر کا کردار نہایت اہم ہے۔

Shares: