"اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024: یونین کونسلز میں نمائندوں کی تعداد میں اضافہ”

0
103
AZam nazeer

قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود ”وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024“ کو کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔ اس بل کے تحت اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور عوامی نمائندگی میں اضافہ ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ بل وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم نزیر تارڑ نے پیش کیا۔ بل کے متن کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد کو بڑھایا گیا ہے۔ اس سے قبل یونین کونسل میں صرف چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدے تھے، تاہم اب نئے ترمیمی بل کے مطابق، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے ساتھ ساتھ پندرہ مزید نمائندے بھی منتخب ہوں گے۔
نئے بل کے مطابق، یونین کونسل میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ نو ممبرز یونین کونسل بھی منتخب کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ یونین کونسل کی سطح پر ایک کسان یا مزدور، ایک اقلیت، اور ایک نوجوان کو بھی منتخب کیا جائے گا۔ مزید برآں، یونین کونسل کی سطح پر تین خواتین بھی منتخب کی جائیں گی، جس سے کل پندرہ نمائندے ووٹ لے کر منتخب ہوں گے۔بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ یونین کونسل سطح پر زیادہ افراد کی نمائندگی سے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہوگی۔ جتنے زیادہ بلدیاتی نمائندے یونین کونسل سطح پر ہوں گے، اتنے زیادہ عوام سے رابطے میں رہیں گے، اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔
بل کے مطابق جنرل سیٹوں پر امیدواروں کا انتخاب براہ راست ہوگا، جبکہ جنرل کونسل کے امیدواروں کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کا طریقہ اختیار کیا جائے گا۔ انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد یونین کونسل کا سیکرٹری اجلاس بلائے گا، جس میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔یاد رہے کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں جاری کیا گیا تھا، اور اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوگئی تھی۔ الیکشن ایکٹ کی شق 219 کے تحت، چار ماہ میں انتخابات کرانا لازمی ہوتا ہے۔ اس ترمیمی بل کے ذریعے حکومت نے اسلام آباد کے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور عوامی نمائندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔

Leave a reply