حکومت صحت کے بجٹ میں اضافہ اور نئے سرکاری ہسپتال تعمیر کرے، رانا جبران
پاکستان ملی لیبر فیڈریشن 7 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونے والے ہیلتھ گرینڈ الائنس کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔ یہ احتجاج مراکز صحت اور سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے منصوبے کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے صدر میاں غلام مصطفی، جنرل سیکرٹری رانا جبران، پنجاب کے صدر عبدالمجید سالک، کے پی کے صدر اصغر خٹک، بلوچستان کے صدر شکر خان رئیسانی اور آزاد جموں و کشمیر کے صدر میاں ظفر اقبال نے کہاکہ حکومت چھوٹے بڑے تمام مراکز صحت اور سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کر کے شہریوں سے صحت جیسا بنیادی حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔ اس سے سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج و معالجہ کا نظام مکمل طور پر ختم ہو جائے گا، جس سے غریب عوام اور محنت کش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گا۔ یہ سرکاری ملازمین اور محنت کش طبقہ کے ساتھ سراسر ظلم اور نا انصافی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کرے اور ہر علاقے میں نئے سرکاری ہسپتال تعمیر کیے جائیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں طبی عملہ کی کمی کو پورا کیا جائے اور عوام کو مفت دوائیوں، ٹیسٹوں اور دیگر صحت کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کہ کہ وہ بھی اس پرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور صحت کی سہولتوں کی نجکاری کے خلاف اپنی آواز بلند کریں تاکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے۔
Shares:








