ڈی جی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، اقبال سرویا اور خرم سرویا کے والد مرحوم حنیف سرویا کے ایصالِ ثواب کے لیے دیوان خاص شادی ہال نارنگ میں ایک پُروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ، سماجی رہنما اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جو قاری محمد منشاء نے نہایت خوبصورت انداز میں پیش کی۔ بعد ازاں معروف نعت خواں علامہ حسنین رضا نے حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعت شریف پیش کی۔دعائیہ تقریب سے ممتاز مذہبی سکالر مفتی شہباز رسول سعیدی نے والدین کی عظمت کے موضوع پر قرآن و حدیث کی روشنی میں پُراثر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ "وہ لوگ واقعی خوش نصیب ہیں جن کے والدین زندہ ہیں، کیونکہ انسان کی کامیابی والدین کی خدمت اور فرمانبرداری میں پوشیدہ ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی دعائیں اولاد کے لیے سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، جو زندگی کے ہر موڑ پر رہنمائی اور کامیابی کا ذریعہ بنتی ہیں۔مفتی شہباز رسول نے کہا کہ دنیا کی کوئی دولت والدین کی خدمت کا نعم البدل نہیں ہو سکتی، اور انسان چاہے جتنی بھی خدمت کر لے، ان کے حقوق کا مکمل حق ادا نہیں کر سکتا۔آخر میں قاری احسان الٰہی نے مرحوم حنیف سرویا کے ایصالِ ثواب، بخشش و مغفرت اور امتِ مسلمہ کی بھلائی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔دعائیہ تقریب میں شریک افراد نے مرحوم حنیف سرویا کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی نیکیوں اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Shares: