لاہور: امیر بالاج قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں کیس کے مرکزی ملزم گوگی بٹ کو شاملِ تفتیش کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم نے گوگی بٹ سے ایک گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کی۔

تفصیلات کے مطابق گوگی بٹ کو سخت سیکیورٹی حصار میں ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کے دفتر لایا گیا، جہاں انویسٹیگیشن ٹیم نے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے۔ تفتیشی حکام نے گوگی بٹ سے مقتول امیر بالاج کے قتل کے محرکات اور اس واقعے میں ملوث دیگر افراد کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش گوگی بٹ کو بعض شواہد اور بیانات کے تناظر میں وضاحتیں دینے کے لیے کہا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی انویسٹیگیشن نے ٹیم کے ہمراہ تفصیلی سوال و جواب کیے۔ تاہم تفتیش کے بعد گوگی بٹ کو جانے کی اجازت دے دی گئی

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جارہا ہے اور ملزم کو دوبارہ بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔

Shares: