اسلام آباد:دفتر خارجہ نے یونانی جزیرے کے قریب کشتی حادثے میں مرنے والوں میں ایک پاکستانی شہری کے شامل ہونے کی تصدیق کردی۔

باغی ٹی وی : ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز یونان کے جنوبی جزیرے میں کشتی الٹنے کے حادثے کے بعد ریسکیو کیے جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں جب کہ مرنے والوں میں ایک پاکستانی کے شامل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس مرحلے پر ہم مرنے والے یا لاپتا پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں،ایتھنز میں پاکستانی سفار ت خانہ براہ راست سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے متعلقہ کوسٹ گارڈ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے،سفارتخانے کے حکام ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں سے ملاقات کرنے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کریٹے پہنچ گئے ہیں، لاپتہ پاکستانی افراد کے متاثرین کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا گیا ہے، پاکستانی متاثرہ فیملیز 6943850188-0030 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سفارت خانہ یونانی حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانی سفارت خانے نے یونانی اور چینی کوسٹ گارڈ سے رابطے بھی کئے ہیں،یونان میں پاکستانی سفارت خانہ ریسکیو کئے گئے افراد کے اہل خانہ کے مابین روابط کیلئے سرگرم ہے، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار واقعے میں متاثرہ پاکستانیوں کی نشاندہی اور مدد کی نگرانی کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم کے فوری نوٹس پر پاکستانی سفارت خانے نے یونانی حکومت کے متعلقہ اداروں کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ انسانی اسمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو کہ غریب عوام کو جھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔

یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب تین کشتیاں الٹنے سے پانچ تارکین وطن جاں بحق اور 40 لاپتا ہوگئے، جبکہ 39 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں زیادہ تر پاکستانی ہیں ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی جو واقعہ سے متعلق رپورٹ 5 روز میں پیش کرے گی۔

دوسری جانب ’روئٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق یونان کے کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تاحال متعدد لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے،کشتیوں پر پاکستان، بنگلہ دیش، سوڈان اور شام کے باشندے سوار تھے، پہلی کشتی کو حادثہ یونان کے جنوبی جزیرہ کریتی میں پیش آیا۔

دوسرا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، مالٹا کے کارگو جہاز نے 47 تارکین وطن کو بچایا تیسرے واقعہ میں بحری جہاز نے یونان کے ایک اور جزیرے میں 86 افراد کو ڈوبنے سے بچایا ابتدائی معلومات کے مطابق تینوں کشتیاں ایک ساتھ لیبیا سے روانہ ہوئی تھیں۔

حکام کے مطابق کریتی میں کشتی کو پیش آئے حادثے میں 39 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا اور ان میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کو اس علاقے میں کارگو جہازوں کے ذریعے بچایا گیا ہے کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہیں کریتی کے جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتا ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

Shares: