میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس میں سانحہ 30 ستمبر 1988ء حیدرآباد کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین، مرکزی رکن اے پی ایم ایس او حارث راجپوت، یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، حق پرست کونسلرز، اور تمام یوسیز اور شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے۔ قرآن خوانی کے بعد شہداء کے بلند درجات، ملکی سلامتی، اور حق پرستانہ تحریک کی کامیابی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد تبسم، آفاق احمد خان، اور سلیم میمن نے 30 ستمبر 1988ء کے سانحہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اس روز جدید آتشیں اسلحے سے لیس دہشت گردوں نے بے گناہ محب وطن پاکستانیوں کا قتل عام کیا، جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ کا ایک بڑا المیہ ہے کہ اس وحشیانہ قتل عام کے باوجود مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا، اور وہ آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام شواہد کے باوجود متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا، جس سے ان میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ 30 ستمبر 1988ء میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے اور ان کی مایوسی دور کی جا سکے۔

تقریب میں شریک تمام افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تحریک کی کامیابی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور حق پرستانہ تحریک کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Shares: