وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شدید بارشوں اور سیلاب کی پیشگوئی کے باعث دریاؤں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کے انخلا کے فوری احکامات جاری کر دیے۔
صوبائی حکومت کے مطابق ہفتے کے روز دریائے ستلج کے کنارے ہزاروں افراد کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، کیونکہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ ہوا، جہاں پانی کی سطح ایک لاکھ 26 ہزار 866 کیوسک تک پہنچ گئی تھی۔وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مریم نواز نے آبی ریلوں کی آمد کے پیش نظر تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ نشیبی علاقوں کے رہائشیوں اور ان کے مویشیوں کو بھی بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے حکام کو دریائے ستلج سمیت دیگر دریاؤں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھنے، متاثرہ افراد کے لیے رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کا بندوبست کرنے اور عارضی طور پر موزوں رہائش فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی سانپ کے کاٹنے کی ویکسین فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کے احکامات بھی دیے گئے۔بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ محکموں کو قصور، پاکپتن، تونسہ شریف اور دیگر سیلابی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
دریں اثنا، وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور ڈویژن میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے دریائی سیلاب اور اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ وزارت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور ہوشیار رہنے کی ہدایت کی۔
سوزوکی آلٹو کی فروخت میں 75 فیصد کمی
اسحاق ڈار کی جدہ میں سعودی، ایرانی اور صومالی ہم منصبوں سے ملاقاتیں








