وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مریم نواز وزیراعظم بننے کی تیاری کر رہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف خود وزارتِ عظمیٰ مریم نواز کے حوالے کریں گے، تاہم یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ اس وقت ہوگا جب مسلم لیگ (ن) یہ سمجھے گی کہ پارٹی کی اگلی نسل کو آگے آنا چاہیے۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کو آصف زرداری جبکہ مریم نواز کو نواز شریف اور شہباز شریف سمجھا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں جماعتیں سیاسی حریف ضرور ہیں، لیکن دشمن نہیں۔
واضح رہے کہ ان دنوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان لفظی کشیدگی جاری ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ایک پریس کانفرنس کے جواب میں مریم نواز نے کہا تھا کہ ’’اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں، ہر مسئلے کا حل بی آئی ایس پی نہیں‘‘۔ اس بیان پر پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب معافی مانگنے کے بجائے مزید بیانات دے رہی ہیں۔
دونوں جماعتوں کے دیگر رہنما بھی آمنے سامنے ہیں، تاہم سینیئر قیادت کی جانب سے ’’سیز فائر‘‘ کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی وزیر داخلہ محسن نقوی کو کراچی طلب کر کے ہدایت کی ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات کو سلجھایا جائے۔
پاکستان زندہ باد کا نعرہ غداری نہیں، بھارتی کورٹ کا فیصلہ
امریکا کی پاکستان کو جدید میزائل فروخت کرنے کی منظوری
چینی سرمایہ کاروں کی سندھ حکومت کو سرمایہ کاری کی پیش کش
آئی ایم ایف نے علاقائی کشیدگی کو معیشت کے لیے خطرہ قرار دے دیا