بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گردی پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے،خالد مسعود سندھو
پیکا ایکٹ کے خلاف مرکزی مسلم لیگ صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.تابش قیوم

مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے موقع پر نظریہ پاکستان پر متحد ہونے والی قوم کو آج بھی نظریہ پر ہی متحد کیا جا سکتا ہے. بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گردی پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے.مرکزی مسلم لیگ عید کے بعد قیام امن کی ملک گیر تحریک چلائے گی . خدمت کا رمضان مہم کے تحت ملک بھر میں ہزاروں افطار دسترخوانوں پر شہری سحری و افطاری کر رہے ہیں.پیکا ایکٹ آزادی اظہار کا گلا گھونٹنے کے مترادف، صحافی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا .اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم ، مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم، صدر کراچی احمد ندیم اعوان بھی موجود تھے . صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ پاکستان جن مسائل سے دو چار ہے ان کے حل کے لئے نظریہ پاکستان پر جڑنا ہو گا.دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیاسی بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے.قومی اسمبلی میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے خلاف متفقہ قرارداد کی منظوری خوش آئند،تاہم ایوانوں سے باہر بھی متفقہ لائحہ عمل سامنے آنا چاہئے.تمام سیاسی ،مذہبی، محب وطن جماعتیں قیام امن کے لئے کردار ادا کریں . مرکزی مسلم لیگ عید کے بعد امن مارچ کا انعقاد کرے گی. ہم حکمرانوں کو باور کروائیں گے کہ دہشت گردی کے خاتمے سے نہ صرف معیشت مستحکم ہو گی بلکہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری بھی آئے گی.

مرکزی ترجمان مرکزی مسلم لیگ تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ عید کے بعد آئی ٹی کی ٹریننگ کروائے گی. ہم ملک بھر کے نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے تا کہ وہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکیں.بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا تو مایوسیاں ختم ہوں گی. پیکا ایکٹ کے خلاف مرکزی مسلم لیگ صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. آزادی اظہار رائے کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا بھی دینا پڑا تو دیں گے

Shares: